اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی طرف سے آج شام قوم سے خطاب کا امکان ہے اور موجودہ صورتحال میں کئی قسم کی خبریں زیر گردش ہیں ، موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آخری بال تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں ، استعفیٰ نہیں ملے گا میدان لگے گا ، دوست بھی دیکھیں گے اور دشمن بھی دیکھیں گے۔
ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج شام کو قوم سے خطاب کریں گے،وزیر داخلہ نے کہا کہ انتظار کریں سب کچھ سامنے آ جائے گا، وزیراعظم عمران خان ڈٹ کر کھڑے ہیں ، وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے،3 تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہے،آج کابینہ کی میٹنگ ہے ، وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے آج دن 2 بج کر 30 منٹ پر کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایا ہے ، کابینہ کے اس اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان بھی خصوصی دعوت پر شریک ہوں گے ، اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اراکین اور شرکاء کو وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے دھمکی آمیز مراسلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا ۔ قبل ازیں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط اتحادی جماعتوں اور سینئر صحافیوں کو دکھانے کا اعلان کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خط کو ڈرامہ قرار دے رہی ہیں ، آج سینئر صحافیوں کو خط دکھاؤں گا ، خط میں واضح ہے کہ یہ بیرونی سازش ہے، خط اتحادی جماعت کے ایک ایک رکن کو بھی دکھاؤں گا ، اتحادیوں کو خط دکھاؤں گا کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انجانے میں بیرونی سازش کا حصہ بن جائیں ، خط دکھانے کا مقصد ہی یہ ہوگا کہ یہ اس بیرونی سازش سے بچ جائیں ، لوگوں نے جو فیصلہ کرنا ہے کرلیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی بحران تو ملکوں میں آتے رہتے ہیں ، عدم اعتماد کی تحریک آئینی طریقہ ہے لیکن یہ عدم اعتماد کی تحریک پاکستان کے خلاف سازش ہے ، عدم اعتماد کی یہ سازش باہر سے کی گئی ، ہم نے قربانیاں دیں لیکن بجائے ہمدردی کے ہم پر تنقید کی گئی۔